دریائے جہلم پر ٹریفک پل ہرصورت بنے گا:ناصر بوسال
ملکوال(نامہ نگار)ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال نے انجمن تاجران ملکوال کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ضرورت کے پیش نظر ملکوال کے قریب دریائے جہلم پر ٹریفک پل ہرصورت بنے گا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے 2017میں پل کی منظوری اور فنڈز د ئیے ، نندی پور پراجیکٹ کے انجینئرز نے تفصیلی جائزے کے بعد ملکوال کے قریب جگہ کا انتخاب کرکے نقشہ بنایا اور ابتدائی کام شروع کرایا لیکن 2018 میں تحریک انصاف کی حکومت آ گئی جس نے یہ عوامی منصوبہ ختم کر دیا۔ ناصر بوسال نے کہا کہ چند ماہ قبل اس دریا پر کشتی حادثہ میں بچوں اور خواتین سمیت 6 افراد کی ہلاکت پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے دوبارہ پل تعمیر کرنے کا حکم دیا ہے ، میری صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد بھرتھ اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسر وں سے اس کے متعلق تفصیلی میٹنگ ہو چکی ہے اور اسی جگہ پر پل کا تعمیراتی کام دوبارہ شروع ہو گا چونکہ یہ پل 3 اضلاع کے سنگم پر بنے گا اس لیے اس پل کا نام منڈی بہا ئوالدین جہلم سرگودھا پل رکھا گیا ہے ۔ناصر اقبال بوسال نے کہا اس پل کی تعمیر سے منڈی بہا ئوالدین، جہلم اور سرگودھا اضلاع کے لاکھوں عوام کو تیز اور مختصر ترین سفری سہولت حاصل گی جبکہ ان علاقوں کی تجارتی منڈیوں کو بھی فائدہ ہو گا، اس موقع ناصر بوسال نے پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر کاشف صدیق اور دیگر عہدیداروں سے حلف بھی لیا ۔