تتلے عالی میں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، کوڑے کے ڈھیر
تتلے عالی(نامہ نگار )ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، شاہراہوں پر کوڑے کے ڈھیرتتلے عالی ماحولیاتی آلودگی میں ضلع بھر میں پہلے نمبر پر آگیا۔
تفصیلات کے مطابق تتلے عالی کی کامونکی روڈ،نوشہرہ ورکاں روڈ سمیت اندرون قصبہ تمام روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور گہرے کھڈے بن جانے کی وجہ سے ٹریفک کا دھواں،دھول،مٹی کا اڑنا معمول بن گیا ہے ،شاہراہوں،گلی محلوں میں لگے کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کو بھی آگ لگا کر ختم کیا جا رہا ہے جس سے نوشہرہ ورکاں کا بڑا قصبہ ماحولیاتی آلوگی میں ضلع بھر میں پہلے نمبر پر ہے ۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے کوڑا کرکٹ اٹھانے ،سیوریج لائنوں کی صفائی کیلئے دو سالوں میں تین مرتبہ مہم چلائی گئی تھی لیکن تتلے عالی میں صفائی ستھرائی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا سکے ہیں۔گلی محلوں میں گٹروں کا پانی،اڑتی دھول،مٹی سے مکین سانس، آشوب چشم،جلدی امراض،ہیپاٹائٹس سمیت دیگر امر اض کا شکار ہو رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔