ایف 10 چوک بھی سگنل فری، جلد کام کا آغاز کیا جائے گا: محسن نقوی
اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا جناح ایونیو پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ایف 10 چوک کو بھی سگنل فری بنایا جائے گا اور تعمیراتی کام کا آغاز جلد کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹرچینج منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے کہا 31دسمبر کو انٹر چینج کا انڈر پاس ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا اور فروری کے دوسرے ہفتے میں مکمل منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا، منصوبے کو ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے احتجاج کے دوران چوبیس گھنٹے کام جاری رکھنے پر کنٹریکٹر، سی ڈی اے اور ورکرز کو سراہا۔ انہوں نے کنٹریکٹر اور سی ڈی اے حکام کو اسی جوش و جذبے سے کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ایف 10چوک منصوبے کے لے آؤٹ پلان کا بھی جائزہ لیا اور ضروری تبدیلیوں کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا ایف 10چوک منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز جلد کیا جائے گا تاکہ اس منصوبے کو بھی ایف ایٹ ایکسچینج انٹر چینج کے ساتھ ساتھ مکمل کیا جاسکے۔ محسن نقوی نے کہا ہمارا مقصد عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے، ان منصوبوں کے افتتاح سے عوام کو اسلام آباد کی ٹریفک میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔ وزیر داخلہ کو تعمیراتی کام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، منصوبے کی پائلنگ کا کام 3دسمبر کو مکمل کیا جائے گا جبکہ پائل کیپ کا کام 12 دسمبر تک مکمل ہو جائے گا اور اس منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائیگا۔