کمشنرکاضلع کیماڑی کا دورہ ، مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بدھ کو کیماڑی ضلع کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ افسران کے ہمراہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا ۔
ا نہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں اور منصوبوں کی بروقت تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں متعلقہ اداروں کی مدد کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر طاہر جاوید چیمہ نے کمشنر کو بریفنگ دی۔ جہاں آباد دورے پر کمشنر کو بتایا گیا کہ70 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ گلشن مزدور میں 14000 فٹ لمبی سیوریج لائن کی تعمیر کے کام میں منصوبہ پرکام جاری ہے ۔ضلع کیماڑی میں 21 اسکولوں کی تعمیر کا کام جاری ہے جس پر 26 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ا نہوں نے ڈپٹی کمشنر کو کہا کہ وہ نو تعمیر اسکولوں کو فرنیچر اور اساتذہ کی فراہمی کیلئے حکومت سے رجوع کریں۔ کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ تمام منصوبے جون تک مکمل کر لیں۔ کمشنر نے کہا کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے حکومت کی شہر کی ترقی اور بہتری کی کوششوں میں مدد ملے گی۔