لیڈرز بے باک فیصلہ کرنے سے ڈرتے ہیں، میئر
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کسی بھی ادارے کی ترقی میں لیڈرشپ کا اہم کردار ہوتا ہے۔۔
نوجوان سیاستدان ہونے کے ناطے یہ سمجھتا ہوں کہ ہمارے لیڈرز بے باک فیصلہ کرنے سے ڈرتے ہیں، مجھے بیوروکریسی میں جدت نظر نہیں آتی، 90 کی دہائی میں ڈپٹی کمشنرز کے اطوار الگ تھے مگر اب ایسا نہیں جبکہ نوجوان اور پر عزم آفیسرز ملک کی قسمت بدل سکتے ہیں، جب تک سرکاری افسران جمود سے باہر نہیں نکلیں گے ، تبدیلی نہیں آئے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا)کراچی میں منعقدہ سینئر مینجمنٹ کورس میں شریک سینٹرل اسپیریئر سروس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیںنیپاکراچی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سید سیف الرحمننے نیپا پہنچنے پر میئر کا استقبال کیا۔میئر نے ڈاکٹر سید سیف الرحمن کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور پودا بھی لگایا۔ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں مہارت تعلیم اور تجربے کی متقاضی ہے ، خود میں نے دو سال لافرم میں پریکٹس کرنے کے بعد ہمت کرتے ہوئے اپنی لافرم بنائی تاکہ قانون کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرسکوں، انسان جہاں بھی جائے سیکھنے اور آگے بڑھنے کا عمل مسلسل جاری رہنا چاہئے ، آج ہر شعبہ ہائے زندگی میں تبدیلی آرہی ہے ، یہ جدت کا دور ہے ، ہم خود کو زمانے کے ساتھ چلنے اور ترقی سے ہمکنار کریں گے تبھی دنیا میں ترقی و خوشحالی ہمارا مقدر بن سکے گی۔