آسٹریا کی واٹرکارپوریشن کے ہائیڈرنٹ مینجمنٹ کی ستائش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آسٹریا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے واٹر کارپوریشن کے مرکزی دفتر کارساز کا دورہ کرکے سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد سے ملاقات کی۔
وفد میں پاکستان کے لیے آسٹریا کے تجارتی کمشنر جوہانس برنر ،سی ای او ہائیڈرو فل جیرالڈ ایڈر، ویانا میں مقیم ہائیڈرو فل کے نعمان خان ،عثمان محی الدین اور حمود الرحمن شامل تھے ۔ملاقات کے دوران سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان، سید عمران اقبال زیدی محمد ثاقب خرم شہزاد سکندر زرداری محمد علی شیخ سید سردار شاہ اور زنیرہ جلیل سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے ۔ اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن نے نئی انتظامیہ کی جانب سے حالیہ اقدامات اور اصلاحات پر روشنی ڈالی جن کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے ۔انہوں نے کارپوریشن کے پائیدار ترقی کے اہداف کے روڈ میپ سے SGDs کے گول 6 میں اہداف حاصل کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفد نے واٹر کارپوریشن کی طرف سے اپنے نان ریونیو واٹر کو کم کرنے اور واٹر کارپوریشن کے موجودہ عملے کی استعداد کار میں اضافے پر قریب سے کام کرنے کی مختلف حکمت عملیوں کے لیے تکنیکی مدد کے امکان کو اجاگر کیا۔ وفد نے کہا کہ واٹر کارپوریشن میں ترقی اور خطے میں پانی کی فراہمی کرنے والی صف اول کی سہولیات میں سے ایک بننے کی بڑی صلاحیت ہے ۔ وفد نے واٹر کارپوریشن کے جدید ترین ہائیڈرنٹ مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سینٹر کا دورہ کیا اور کراچی کے چیلنجنگ جیو پولیٹیکل ماحول کے تحت تیار کرنے پر انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا ۔