فضائی آلودگی:19پلانٹس مسمار،100فیکٹریاں سیل
گوجرانوالہ (نیوز پورٹر)فضائی آلودگی کا سبب بننے والے 19پائرولیسس پلانٹس مسمار ۔سو سے زائد فیکٹریاں سیل اور چالیس لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے محکمہ ماحولیات کی جانب سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے زہریلے دھویں کا سبب بننے پر19 پائرولیسس پلانٹس کومسمار کردیا۔ سو سے زائد فیکٹریوں اور بھٹیوں کو سیل کرتے ہوئے 40لاکھ روپے جرمانہ کیا جبکہ لاکھوں کی تعداد میں پولی تھین بیگز قبضہ میں لیے ۔ محکمہ ماحولیات کی ٹیموں نے ضلع بھر میں سموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے مقدمات بھی درج کروائے ۔ لاہورہائی کورٹ کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ماحولیاتی کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات عثمان اظہر کا کہنا ہے کہ اسموگ کے تدارک کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے گوجرانوالہ میں ائیر کوالٹی انڈیکس 150 سے کم ہو گیا ہے اور شہر کی فضاء بہتر ہو گئی ہے ،انہوں نے کہا کہ آپریشن جاری رہے گا۔