گرین ٹریکٹر کیلئے 30 ارب روپے مختص:وزیر زراعت پنجاب
راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار)حکومت پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کیلئے 30 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے، اس سے قبل کاشتکاروں کو ٹریکٹرز پر اتنی بڑی سبسڈی فراہم نہیں کی گئی۔
گرین ٹریکٹر پروگرام کی شفاف قرعہ اندازی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر زراعت پنجاب عاشق حسین کرمانی نے ٹریکٹر مینوفیکچرنگ انڈسٹری اور محکمہ زراعت کے درمیان ٹریکٹر مینوفیکچرنگ معاہدہ کی تقریب میں شرکت کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا اس اقدام سے زرعی میکنائزیشن اور ٹریکٹر مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو فروغ ملے گا اور مقامی ٹریکٹر انڈسٹری پر کاشتکاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ مقامی ٹریکٹر انڈسٹری 85ہارس پاور سے زیادہ کے ٹریکٹرز بھی مینوفیکچر کرے۔ رائس ٹرانسپلانٹرز، ہارویسٹرز کی تیاری پر بھی مقامی سطح پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ان مشینوں کی درآمد پر قیمتی سرمایہ بچایا جاسکے۔ انھوں نے کہا گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت 50ایکڑ تک زرعی اراضی کے مالکان کو اپنی پسند کے مطابق 50تا 85ہارس پاور کے ٹریکٹرز فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق اس سکیم کو بڑے پیمانے پر لانچ کیا جائے گا اور کاشتکار کو آپشن دیا جائے گا کہ وہ اپنی مرضی کی کمپنی کا ٹریکٹر خرید کرے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) چودھری عبدالحمید اور ٹریکٹر انڈسٹری کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز نے ٹریکٹر کی تیاری کیلئے معاہدے پر دستخط کئے۔