وزیر بلدیات کے حلقہ میں شہباز شریف پارک ویران
ڈسکہ(نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر بلدیات کے انتخابی حلقہ میں قائم شہباز شریف پارک عدم توجہی کے باعث زبوں حالی کا شکار ہے۔
پارک میں آنے والے بچے تفریح کے بجائے خوفزدہ ہوکر واپس چلے جاتے ہیں 2018کے عام انتخابات سے قبل نہر بی آر بی کنارے تعمیر ہونے والا شہباز شریف پارک قلیل عرصہ میں ہی بھوت بنگلہ کا منظر پیش کرنے لگا ہے جب یہ پارک تعمیر ہوا اس وقت میاں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلیٰ تھے جو اس وقت وزیر اعظم ہیں اور 2018 میں میاں ذیشان رفیق اسی شہری حلقہ سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے جو اس وقت صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ہیں جبکہ سیدہ نوشین افتخار رکن قومی اسمبلی ہیں مگرن لیگی اراکین اسمبلی نے اس اکلوتے پارک کی طرف توجہ دینے کے بجائے اسے بے یارو مددگار چھوڑ دیا ،یہاں پر کئی کئی فٹ لمبی گھاس اگی ہوئی ہے پودے سوکھ چکے ہیں پودوں کو پانی دینے کیلئے لگائی گئی موٹر غائب ہے ،لائٹیں تو موجود ہیں ٹرانسفارمر کوئی اتار کر لے گیا ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔