پنڈی بھٹیاں :کوڑے کے ڈھیر ، ستھرا پنجاب کا خواب چکنا چور
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)وزیر اعلیٰ مریم نواز کا ستھرا پنجاب کا خواب پنڈی بھٹیاں میں پورا نہ ہو سکا اور شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال سے گلیاں اور بازار کچرا کنڈی کا منظر پیش کرنے لگے ۔۔۔
جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر وں سے تعفن اور بدبو پھیل رہی ہے ،سانس لینا بھی مشکل ہو گیا ، نالیوں اور نالوں کا پانی گلیوں بازاروں اور سڑکوں پر بہہ رہا ہے جس سے مکھیوں اور مچھروں کی بہتات ہو گئی ،شہری مہلک امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں ،یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ شہر میں بننے والے ٹراماسنٹر کے ساتھ میونسپل کمیٹی نے کوڑے کے ڈھیر لگا دئیے ہیں ،اہل علاقہ کے بار بار توجہ دلانے کے باوجود میونسپل کمیٹی کا عملہ ٹس سے مس نہیں ہوا ۔شہریوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ صاف ستھرا پنجاب مہم کو عملی جامہ پہنانے کیلئے شہر کی گلیوں بازاروں کو بھی کوڑے سے پاک کیا جائے اور انتظامیہ محض فوٹو سیشنز اور بڑی بڑی فلیکسز لگا کر ہی شہر کو صاف دکھانے تک محدود نہ ر ہے بلکہ شہر کی صفائی ستھرائی پر بھی توجہ دے ۔