گجرات :لائیوسٹاک کارڈز کی تقسیم کی افتتاحی تقریب
گجرات (نامہ نگار،سٹی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، اراکین صوبائی اسمبلی اعجاز احمدرنیاں اور عبداﷲ یوسف کی قیادت میں زراعت دفتر گجرات میں لائیوسٹاک کارڈز کی تقسیم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ اس سکیم کے تحت اب تک ضلع بھر میں 500 افراد کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے ، جن میں سے 204 افراد کو لائیوسٹاک کارڈز فراہم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سکیم کے تحت فارمرز کو 13,50,000 روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، جو چار ماہ کی مدت کے لیے دئیے جا رہے ہیں۔ یہ قرضے مویشی پال فارمرز کو اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور بہتر بنانے میں مدد فراہم کریں گے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر طاہر عزیز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سکیم کا مقصد دیہی معیشت کو مضبوط کرنا اور مویشی پال فارمرز کو ونڈا، منرل مکسچر، اور سائلج خریدنے کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ ڈائریکٹر زراعت عرفان اﷲ وڑائچ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس تاریخی اقدام سے نہ صرف فارمرز کو سہولت ملے گی بلکہ دیہی معیشت کی بحالی اور استحکام میں بھی مدد ملے گی۔ تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر اور اراکین صوبائی اسمبلی نے 129 کسانوں کو لائیوسٹاک کارڈز تقسیم کیے ۔