حافظ آباد :جگہ جگہ کوڑا،خاکروب دیگر کاموں پر لگا دئیے
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )حافظ آباد شہر میں صفائی کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو دیتے ہی گلی محلوں میں صفائی ستھرائی کرنے والے خاکروبوں کو اٹھاکر دیگر کاموں پر لگا دیا گیاِ جس کے بعد شہر کے اکثر گلی محلوں میں کچرے اور کوڑے کرکٹ کے بڑے بڑے ڈھیر لگ گئے جس کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کی جانب سے اندرون شہر محلوں کے گھروں سے کوڑے کرکٹ اور کچرا کو اٹھانے کے لئے عرصہ دراز سے جو سینٹری ورکرز اور خاکروب تعینات تھے ۔نجی کمپنی نے صفائی ستھرائی کا ٹھیکہ لیتے ہی ان سینٹری ورکرز اور خاکروبوں کو ان محلوں سے ہٹا کر دیگر کاموں پر لگا دیا جس کے بعد شہر کا محلہ ٹیچرز کالونی جہاں پر ن لیگ کا ضلعی سیکریٹریٹ بھی واقع ہے اورمحلہ فاروق آباد سمیت متعدد محلہ جات خاکروبوں سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ نجی کمپنی کے سپروائزرجو دیگر شہروں سے بھرتی کئے گئے ہیں انہیں شہر کے اکثر علاقوں کا سرے سے علم ہی نہیں ہے جس سے شہر کے اکثر علاقوں میں اب کوڑے کرکٹ کے بڑے بڑے پڑے ڈھیر ستھراپنجاب اور نجی کمپنی کی صفائی مہم کا منہ چڑا رہے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام محلہ جات میں گھروں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے سینٹری ورکرز اور خاکروبوں کو فوری تعینات کیا جائے ۔