ڈسکہ میں ٹوٹی سڑکیں،شاہراہوں پر کوڑے کے ڈھیر
ڈسکہ(نامہ نگار)ٹوٹی سڑکیں،شاہراہوں پر کوڑے کے ڈھیر شہر ماحولیاتی آلودگی میں ضلع میں پہلے نمبر پر علاقہ مکینوں کا اصلاح احوال کا مطالبہ۔۔۔۔
تفصیلات کے مطابق ڈسکہ شہر اور ملحقہ دیہاتوں کے تمام روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکارہیں اورسڑکوں پر گہرے گڑھے بن جانے کی وجہ سے ٹریفک کا دھواں، دھول مٹی کا اڑ نا معمول بن گیا ہے ، شاہراہوں، گلی محلوں میں لگے کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کو بھی آگ لگا کر ختم کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ڈسکہ شہرماحولیاتی آلودگی میں ضلع بھر میں پہلے نمبر پر ہے ۔ ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی جانب سے کوڑا کرکٹ اٹھانے سیوریج لائنوں کی صفائی کیلئے کئی مرتبہ مہم چلائی گئی تھی لیکن ڈسکہ شہر میں صفائی ستھرائی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جاسکے ہیں۔ گلی محلوں میں گٹروں کا پانی، اڑتی دھول مٹی سے مکین سانس، آشوب چشم، جلدی امراض، ہیپا ٹائٹس سمیت دیگر امراض کا شکار ہورہے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔