ٹریفک مسائل ، وزیر آ باد میں مزید اہلکاروں کی تعیناتی
وزیرآباد(نامہ نگار)شہر وزیرآباد میں ٹریفک جام رہنے کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے چیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ عائشہ بٹ نے وزیرآباد اللہ والا چوک کا وزٹ کیا اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک پولیس سمیرا فرخ بھی ہمراہ تھیں۔۔۔
ٹریفک کے معاملات کو کنٹرول کرنے کے لیے مزید نفری بڑھانے اور ایک کار لفٹر وزیرآباد ٹریفک پولیس کو دینے کی ہدایت کر دی گئی۔ وزیرآباد میں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے ، کچہری چوک، اللہ والا چوک اڈااحمد نگر چوک میں ناجائز رکشہ اڈوں، تجاوزات ، غلط پارکنگ کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ ، مسافر گاڑیاں پھنس کر رہ جاتی ہیں، ایمبولینسز تک کو راستہ نہیں ملتا، ٹریفک کے سنگین مسائل کے حل کی خاطر گزشتہ روز سی ٹی او گوجرانوالہ عائشہ بٹ نے ڈی ایس پی ٹریفک سمیرا فرخ کے ہمراہ وزیرآباد کا دورہ کیا تو ان کے سامنے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی تعداد کم ہونے کا معاملہ آیا جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہوتے رہے ہیں۔وزیرآباد ٹریفک پولیس کے مطابق چیف ٹریفک پولیس آفیسر گوجرانوالہ نے وزیرآباد کے لیے مزید 6 اہلکاروں کی تعیناتی اور ایک کارلفٹر فوری دینے کی ہدایات کی ہیں جس سے شہر میں ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔