ویمن یو نیورسٹی سیالکوٹ :قائد اعظم کی یاد میں سیمینار
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ پاکستان عظیم عطیہ خداوندی ہے ، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے غیر متزلزل اور انتھک محنت سے مسلمانان ہند کو نہ صرف انگریز سامراج سے نجات دلائی۔۔۔
اور دنیا کی پہلی نظریاتی ریاست پاکستان کی بنیاد رکھی اور اقبال کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا۔ یہ بات انہوں نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے منیم الدین آڈیٹوریم میں بیاد قائد اعظم محمد علی جناح سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر جی سی ڈبلیو یونیورسٹی ڈاکٹر شازیہ بشیر کے علاو ہ اساتذہ اور طالبات کثیر تعداد میں موجود تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قائد کی زندگی اور ان کا نصب العین نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہونا چاہیے ، جناح شناسی کیلئے طالب علموں کو تحقیق کرنی چاہیے جس سے وہ جان سکیں گے مشکل ترین حالات میں اصولوں پر سمجھوتہ کئے بغیر آگے کیسے بڑھا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ قائد کے فرمان ایمان ،اتحاد، تنظیم اور یقین محکم پر عمل پیرا ہوکر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ سٹوڈنٹس کو قائد اور اقبال شناسی کی جانب راغب کریں جس سے ان کا قومی ہیروز سے روحانی تعلق قائم ہوگا اور ان کی شخصیت میں نکھار آئے گا اور ایک نصب العین کے تحت اپنی زندگی بسر کرسکیں گے ۔