مدارس عصری علوم میں بھی آ گے بڑھ رہے :حافظ گلزار
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)مدارس دینیہ ملک کی سب سے بڑی این جی او ز ہیں ، لاکھوں مسلمان اس سے فائدہ حاصل کر رہے ہیں اور ان مدارس کے ذریعے شرح خواندگی میں خاطر خواہ اضافہ بھی بڑی قومی خدمت ہے کہ یہ مدارسِ بکثرت حفاظ قرا اور علما کی کھیپ مسلم سوسائٹی کوفراہم کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ گلزار احمد آزاد سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پنجاب نے جامعہ اسلامیہ عثمان غنی محمدی ٹاؤن میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجود ہ دور میں دینی مدارس نئی نسل کوصحیح اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے میں مثالی کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ عصری علوم کے حوالے سے بھی آگے بڑھ رہے ہیں۔ مولانا آزاد نے کہا کہ بحیثیت ادارہ کے اپنا منصبی کردار ادا کر نے میں مدارس دینیہ کی کارکردگی پورے ملک میں نمایاں اور تاریخی حیثیت کی حامل ہے ، قومی زبان اردو کی خدمت وترویج اور ترقی میں کسی سے پیچھے نہیں بلکہ آگے چلتے نظر آ رہے ہیں۔ اس تعلیمی سلسلہ سے اللہ تعالیٰ کے گھر مسجدیں بھی آباد اور پر رونق ہیں ۔ مولانا آزاد نے کہا کہ بیرون ممالک میں سرکاری زبان اردو کی ترویج اور ملکی سفارت کار ی میں دینی مدارس کارول سب سے نمایاں ہے ۔