جی سی ویمن یو نیو رسٹی سیالکوٹ میں اسلامی کیلی گرافی نمائش

سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے اشتراک سے سیرت سٹڈی سنٹر میں اسلامی کیلی گرافی نمائش اور اقبال،قائد اعظم اور پاکستان،تصور،حصول اورتعمیر کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر اور سینئر وائس پریذیڈنٹ الخدمت فاؤنڈیشن میاں آصف اقبا ل نے نمائش کا افتتاح کیا۔ سیمینار میں وائس پریذیڈنٹ سیرت سٹڈی سنٹر دائو د ، ممبر ایگزیکٹو باڈی خاور انور خواجہ ،اسداعجاز ،پرو وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ،ڈین فیکلٹی آف بزنس اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر الیاس،کنٹرولر امتخانات ملک گلشان اسلم،پروفیسر ڈاکٹر طارق،ڈاکٹر افضال بٹ، تعلیمی اور انتظامی شعبہ جات کے سربراہ،طالبات،سول سوسائٹی کے ممبر اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شعبہ اسلامیات اور فائن آرٹس کی طالبات نے کینوس پر انتہائی خوبصور ت رنگوں اور خطاطی کی مختلف اقسام میں قرآنی آیات،کلموں اور اسما الحسنی کے ایسے فن پارے تخلیق کئے جسے مہمانوں نے خوب سراہا۔سیمینار کے ابتدائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے چیئر پرسن ادارہ علوم عربی و اسلامیات ڈاکٹر سیدہ سعدیہ کا کہنا تھاکہ جو قومیں اپنے ماضی کو بھول جاتی ہیں ان کاحال اور مستقبل کبھی تابناک نہیں ہو سکتا۔آ صف بھلی ایڈووکیٹ نے علامہ اقبال کے خطبہ آلہ آباد پر تاریخی اور تحقیقی حوالہ جات کے ساتھ سیر حاصل گفتگو کی۔مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے پاکستان کے حصول کیلئے علامہ اقبال اور قائد اعظم کی دن رات کی انتھک محنت اور کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کیا،طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں،اپنے ہنر کو مثبت انداز میں استعمال کریں اورایک دوسرے کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔