ڈی سی گجرات کا یو کے کے سرجن کے اعزاز میں عشائیہ

گجرات(سٹی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے کہا ہے کہ ڈاکٹر اعجاز بشیر نے۔
کٹے ہونٹ اور تالو کے مسائل سے دوچار بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کے مشن میں شامل کرکے ہمیں بھی نیکی کے اس سفر کا حصہ بنایا، جو قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے یوکے کے ممتاز کلیفٹ پلاسٹک سرجن ڈاکٹر برین ثمرلینڈ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ پاکستان میں اس عظیم مشن کا حصہ بننے کے لیے تشریف لائے ۔ڈاکٹر برین ثمرلینڈ نے عائشہ بشیر کلیفٹ ہسپتال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار کے اس ہسپتال کا پاکستان میں ہونا کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر گجرات کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس نیک مقصد کے لیے کام کرنے پر انہیں دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔پاکستان کلیفٹ لپ اینڈ پیلٹ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر عمیر رفیق نے اس موقع پر کہا کہ جب میں ان معصوم بچوں کو دیکھتا ہوں، تو اپنے بچوں کا احساس ہوتا ہے ، اسی لیے میں اس مشن میں زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے کے لیے کوشاں ہوں۔ڈپٹی کمشنر گجرات کی جانب سے ڈاکٹر برین ثمرلینڈ اور معززین شہر کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے میں ڈاکٹر اعجاز بشیر، عمیر رفیق، ندیم منظور ، حافظ محمد اجمل، صفدر برنالی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔