علی پور چٹھہ:گلیوں بازاروں میں منشیات فروشی،شیشہ کے سامان کی بھی سرعام فروخت

علی پور چٹھہ (تحصیل رپورٹر )علی پور چٹھہ کا علاقہ منشیات فروشوں کی آماجگاہ بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق علی پور چٹھہ کا علاقہ منشیات فروشی کا سہراب گوٹھ بن گیا ہے ۔
شہر کے مختلف محلہ جات جن میں محلہ چوہدری بشیر احمد چٹھہ ، محلہ چراغ آباد، محلہ اسلام آباد، محلہ پرانا تالاب،محلہ حید ر آباد وغیرہ سر فہرست ہیں۔ ان علاقوں میں با اثر منشیات فروش سر عام گلیوں بازاروں میں نشہ آور اشیاء فروخت کر کے نو جوانو ں کی زندگیاں تباہ کر رہے ہیں۔ مافیا کو قانون کے شکنجے میں جکڑنے والے بذات خود ان کو تحفظ فراہم کرتے ہیں،منشیات فروش موبائل موٹر سائیکلوں پر گشت کرتے ہیں اور مختلف گلیوں بازاروں میں مخصوص پوائنٹس پر دیدہ دلیری سے ہیروئن، چرس، افیون ، شراب اور آئس وغیرہ سپلائی کرتے ہیں۔ ایک سروے رپورٹ کے مطابق سٹی کے 60 فیصد نوجوان مختلف نشہ جات کا شکار نظر آتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شیشہ نشہ کا سامان بھی دکانوں پر سرعام فروخت ہو رہا ہے ،شہریوں نے آر پی او پر زور دیا کہ سٹی میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے ۔