سیالکوٹ :غیر رجسٹرڈ میڈیکل لیبارٹریوں کی تعدادمیں اضافہ

سیالکوٹ(نمائندہ دنیا )سیالکوٹ میں غیر رجسٹرڈ میڈیکل لیبارٹریوں کی تعدادمیں اضافہ، ان ٹرینڈ اور نان کوالیفائیڈ عملہ نے سینکڑوں زندگیاں داؤ پر لگا دیں۔۔۔
مریضوں کو مہلک امراض کی نشاندہی کرنے والی لیبارٹریوں کا معیار اور رزلٹ حقائق کے برعکس ہونے پر شہریوں کا احتجاج ، بے لگام مافیا کو محکمہ صحت اور پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن لگام ڈالنے میں ناکام ہو گیا۔محکمہ صحت اور پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے سیالکوٹ میں غیر رجسٹرڈ میڈیکل لیبارٹریوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے ۔ ان لیبارٹریوں پر ان ٹرینڈ، غیر تربیت یافتہ ، نان کوالیفائیڈ عملہ بطور پتھالوجسٹ اور لیب ٹیکنیشن کام کر رہا ہے ۔ کئی روز قبل سیالکوٹ کے اکثر شہریوں نے کمشنر روڈ اور سرکلر روڈ پر قائم ایک لیبارٹری سے ٹیسٹ کرایا جس کے بعد ہیپاٹائٹس مثبت کی رپورٹ جاری ہوئی تاہم لیبارٹری تبدیل کرنے پر نتائج بھی تبدیل ہو گئے ۔ سیالکوٹ کے مختلف اداروں میں ایسے مقدمات بھی زیر سماعت ہیں جس میں لیبارٹریوں کے مظالم کا شکار افراد انصاف کے لیے دربدر ہیں۔شہریوں دانش خان ،ہارون سرفراز، مفیض ، خطیب ، کاوش، ارسلان،شکیلہ بی بی ، ہارون اور دیگر کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی چشم پوشی اور متعلقہ محکمہ جات کی ہٹ دھرمی سے سیالکوٹ میں غیر رجسٹرڈ لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں ،شہریوں کی زندگیاں خطرات سے دوچار ہو رہی ہیں۔