لدھیوالہ کا کر کٹ سٹیڈیم مویشیوں کے باڑے میں تبدیل

لدھیوالہ وڑائچ(نامہ نگا ر )قومی کرکٹ ٹیم کو معروف فاسٹ بائولر دینے والا لدھیوالہ کے کرکٹ سٹیڈیم کو لوگوں نے جانوروں کا باڑہ بنا دیا ۔۔
جگہ جگہ جواریوں نے بھی ڈیرے ڈال لئے ، لوگ دیواریں توڑ کر اینٹیں چوری کر کے لے گئے ،کبڈی کے کھلاڑی بھی پریکٹس سے محروم ہو گئے ۔ تفصیل کے مطابق پیپلز پارٹی کی حکومت میں سابق وفاقی وزیر امتیاز صفدر وڑائچ کی گرانٹ سے لدھیوالہ میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے بنائے گئے کرکٹ سٹیڈیم میں قومی فاسٹ باؤلر حسن علی نے اپناکرکٹ کیئرئیر شروع کیا تھا، پنجاب کی سطح پر کبڈی کے بڑے بڑے ایونٹ کا میزبان رہنے والا سٹیڈیم زبوں حالی کا شکار ہو گیا ،لوگوں نے گراؤنڈ کو مویشیوں کے باڑے میں تبدیل کر دیا جہاں جگہ جگہ گائے بھینسیں بندھی نظر آتی ہیں وہیں جگہ جگہ جواریوں کی ٹولیاں جوا کھیلتی نظر آتی ہیں اسکے علاوہ مقامی لوگوں نے سٹیڈیم کی دیواریں جگہ جگہ سے توڑ کر لاکھوں روپے کی اینٹیں بھی چوری کر لی ہیں اور گھروں کے پانی کا نکاس سٹیڈیم میں کر دیا ہے جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر کبڈی کی پریکٹس کرنے والے کھلاڑیوں میں مایوسی پائی جا رہی ہے ۔ اس حوالے سے پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عطا الرحمن وڑائچ، اطہر محمود کبڈی پلیئر حمزہ گجر ،علی حمزہ ،ارسلان وکٹ کیپر نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹیڈیم کی مرمت کر وا کر اسے کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے بحال کرائیں۔