علی پورچٹھہ:بند سیوریج سے گلیاں،سڑکیں زیر آب
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )بند سیوریج سسٹم سے گنجان آباد گلیاں،سڑکیں زیر آب،شہری گندے پانی میں سے گزرنے پر مجبور۔ میونسپل کمیٹی عملہ پراسرار خاموش تماشائی۔۔۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی علی پورچٹھہ عملہ کی عدم توجگی سے اندرون گنجان آباد علاقوں کی سڑکیں ، بازار، گلیاں گندے پانی سے بھر چکی ہیں۔ تباہ سیوریج سسٹم کو فعال نہ کرنے سے گٹر ابل پڑے ہیں۔گلی آغا صاحب، گلی مرکزی مسجد،چوہان سٹریٹ،منچر روڈ، محلہ اسلام آباد سمیت متعدد علاقے جوہڑ بن چکے ہیں۔شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا محال ہو گیا ہے ۔ستم ظریفی یہ ہے کہ مسجدوں میں جانے کیلئے گندے پانی سے گزرنا پڑتا ہے جس سے کپڑے گندے ہو جاتے ہیں۔ گٹروں سے بدبو اور تعفن موذی امراض کے پھیلنے کا موجب بن رہا ہے ۔مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیہ آفسران کو متعدد بار اس سنگین صورتحال بارے آگاہ کیا گیا مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ہے ۔ چیف آفیسر بلدیہ شہری مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری، کمشنر و ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ پر زور دیا ہے کہ نااہل بلدیہ عملہ کی غفلت پر تادیبی کاروائی کی جائے اور ہنگامی بنیادوں پر سٹی میں ازسرِنو سیوریج سسٹم کی تنصیب مکمل کرتے ہوئے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جائے ۔