مریض سے رقم لینے پر علامہ اقبال ہسپتال کا ملازم معطل

سیالکوٹ ،گوجرانوالہ(نمائندہ دنیا ، خبر نگار، سٹاف رپورٹر) کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سید حسن رضا نے علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا۔
کمشنر نے دورے کے دوران ایک ہسپتال ملازم کی جانب سے مریض سے رقم لینے کی شکایت پر فوری معطلی کے احکامات جاری کر د ئیے ۔کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات بشمول ایمرجنسی، سی او ٹی، لیبارٹری، میڈیکل وارڈز، ڈائیلسز یونٹ، فارمیسی اور بچوں کے نگہداشت کے یونٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران کمشنر نے ہسپتال کے واش رومز اور فارمیسی میں صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ہسپتال میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔کمشنر نے کہا کہ فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ افسران و ملازمین کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینی ہوں گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر ہسپتالوں کی باقاعدگی سے انسپکشن کریں تاکہ طبی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر حسن رضا نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولیات اور تعلیمی معیار ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دستیاب وسائل کو جانفشانی سے استعمال میں لایا جائے گا اور کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔