سیالکوٹ:ناکہ بند ی پوائنٹس پر شہریوں کو تنگ کرنا معمول
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ضلع بھر کے تھانوں اور چوکیوں کی حدود میں روزانہ کی بنیاد پر ناکہ بند ی پوائنٹس پر شہریوں کو تنگ کرنا معمول بنا لیا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی ،چوری، راہزنی ،نوسربازی ،منشیات فروشی کی روک تھام او ر جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاریاں عمل میں لانے کیلئے ضلع بھر کے تھانہ جات اورچوکیوں کی حدود میں مختلف مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر ناکہ بند ی کرنے اور شہریوں اور انکے زیر استعمال گاڑیو ں اور موٹرسائیکلوں کو روک کر چیکنگ اور جانچ پڑتال کو ترجیح دی جانے لگی جبکہ جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرنے کے بعد مبینہ طور پر نذرانے لیکر بغیر کارروائی چھوڑے جانے کا انکشا ف بھی سامنے آیا ہے ۔ پولیس بائیو میٹرک ڈیوائسز اور ای پولیس ایپ کی مدد چیکنگ کرنے کے بجائے مینوئل طریقے سے کسی بھی شہری کو چیک کرتے ہیں تو جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہونے ، اسلحہ او ر منشیات سمیت دیگر ممنوعہ اشیا برآمد ہونے کے باوجود بھی جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرنے کے بجائے مبینہ طور پر ان سے بھاری نذرانے لیکربغیر کارروائی ہی چھوڑ دیا جاتا ہے ، ناکہ بندی پوائنٹس کے نتائج بھی خاطر خواہ نہیں ہیں ۔ شہریوں نے حکام سے اصلاح کا مطالبہ کیا ہے ۔