سیالکوٹ :مریضوں کی شکایات پر 4ڈاکٹرز کو شوکازنوٹس

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ۔۔
اور مریضوں کی شکایات پر 4ڈاکٹرز کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ وہ صبح آٹھ بجے ہسپتال پہنچیں اور ڈیڑھ گھنٹے تک ہسپتال میں موجود رہیں۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیکل وارڈز، ایمرجنسی، پیڈز اور گائنی وارڈز کا معائنہ کیا اور انہوں نے ادویات کے سٹاک اور بلڈ کلیکشن سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں اور انکے لواحقین سے سہولیات کی بابت پوچھا اور انکی شکایات کے ازالہ کیلئے فوری احکامات جاری کئے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈیوٹی سے کوتاہی کسی صورت برداشت نہ ہو گی اور تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے ضروری ہے کہ وہ بروقت ڈیوٹی پر پہنچیں کیونکہ مریض انکے منتظر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کی سہولت کیلئے ہسپتال میں دستیاب ادویات کی لسٹ اور ڈیوٹی روسٹر نمایاں جبکہ آویزاں کئے جائیں۔