محکمہ تعلیم میں اعلیٰ عہدوں پر جو نیئرز کی تقرری پر تحفظات

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) چیئرمین پیٹا پنجاب احسان علی گورائیہ، ضلعی چیف آرگنائزر چودھری محمد مسلم وڑائچ، ضلع گوجرانوالہ کے صدر عمران غنی اور گوجرانوالہ کے سیکرٹری عبدالوحید معصومی نے کہا ہے۔۔
کہ محکمہ تعلیم پنجاب نے افسر وں کے تقرر و تبادلے کے وضع کردہ اصول و ضوابط کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ اعلیٰ تعلیمی افسر وں کی جگہ نچلے درجے کے افسر وں کی تقرری سے انتظامی مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ اساتذہ رہنماؤں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم پنجاب کی طرف سے سی ای اوز اور ڈی ای اوز کے لیے سکیل 19 کا حامل آفیسر ضروری تھا جسے ختم کر دیا گیاہے اور سکیل 18 کے افسر وں کو سی ای اوز اور ڈی ای اوز لگایا جا رہا ہے ۔ اسی طرح ڈپٹی ڈی ای اوز کے لیے جہاں سکیل 18 کا حامل افسر ضروری تھا وہاں سکیل 17 کا افسر لگایا جا رہا ہے ۔ حکومت پنجاب نے افسر وں کی تقرری کے لیے ٹریننگ کا عمل مکمل کیا تھا جسے اب ختم کر دیا گیا ہے ۔ حکومت کے ان اقدامات کی وجہ سے مسائل کے انبار لگ گئے ہیں ۔پیٹا رہنماؤں نے حکومت پنجاب محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے سے مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق افسر وں کا تقرر عمل میں لایا جائے تا کہ اساتذہ کے حل طلب مسائل حل ہو سکیں۔