آل پاکستان مینارٹیز الائنس موومنٹ کا فوج سے اظہار یکجہتی

حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )مرکزی صدر آل پاکستان مینارٹیز الائنس موومنٹ پاکستان قمرجاویدسندھو نے کہاہے کہ قیام پاکستان سے لے کر استحکامِ پاکستان تک مسیحی برادری ساتھ ہے۔۔
بھارتی جنگی جنون کیخلاف مسیحی برادری افواجِ پاکستان کیساتھ کھڑی ہے ،بھارت نے خود ساختہ دہشت گردی کے واقعہ کو جواز بنا کر پاکستان پر حملہ کیا ، پاکستان نے صبر سے کام لیا تو مکاردشمن نے ڈرون حملے شروع کردئیے جس پر پاک افواج نے اینٹ کا جواب پتھرسے دیا اوردشمن کے دانت کھٹے کردئیے ۔ پاکستان کے سپوت کامران بشیر مسیح نے 65کی جنگ میں سیسل چودھری کی یاد تازہ کردی اورراجورٹی ائیربیس کو تباہ کردیا اگرواپسی کی کال نہ آتی تومزید دشمن کا نقصان کرتا ۔کامران بشیر مسیح نے پاکستان کے ساتھ ساتھ مسیح برادری کا بھی سر فخر سے بلندکردیا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاک افواج کی بھارت کے خلاف شاندارکامیابی پر جشن مناتے ہوئے افواج پاکستان سے اظہا ریکجہتی ریلی اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پاک افواج کی بہترین کامیابی پر مسیحی برادری کی جانب سے مٹھائی تقسیم کی گئی اس موقع پر آصف کھوکھر اور چیئرمین اسحاق مسیح نے بھی خطاب کیا۔