پی پی 52 سے پی ٹی آ ئی کامیابی حاصل کر یگی :ریحانہ ڈار

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستا ن تحریک انصاف کی رہنما ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ یکم جون کو پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی، پی پی 52کے ضمنی انتخاب میں ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران جس محبت سے نواز ا جارہاہے۔۔۔
یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ تحریک انصا ف کے امیدوار فاخر نشاط گھمن کی کامیابی یقینی ہوچکی ہے ،ساری دنیا جانتی ہے عمران خان پر قائم کئے گئے تمام مقدمات جھوٹے ہیں اور آج نہیں تو کل بانی پی ٹی آئی کو باعزت رہا کرنا ہی پڑیگا ،موجودہ حالات میں پاکستان کسی طرح کی سیاسی کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا اس لئے حکمران طبقہ اپنی سیاست کو بچانے کے لئے معاملات میں بگاڑ پیدا کرنے سے گریز کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمبڑیال میں پی پی 52کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار فاخر نشاط گھمن کی ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم کے دوران گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر چودھری امجد علی باجوہ کے علاوہ کارکن کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اورکارکنوں پردرج جھوٹے مقدمات کاخاتمہ کئے بغیر ملک میں جمہوری کلچر کے فروغ کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتاحکومت ایک طرف سیاسی استحکام اور قومی اتحاد کے فروغ کی بات کررہی ہے تو دوسری طرف تحریک انصاف کی قیادت اورکارکنوں کو آئے روزجبر وتشدد اورانتقامی کارروائیوں کانشانہ بنایاجارہا ہے مگر بانی پی ٹی آئی نے کارکنوں کو پر امن سیاسی جدوجہد کی تلقین کی اورریاستی مفادات پر کبھی آنچ نہیں آنے دی ۔