انسداد تمباکو نوشی، پنجاب گروپ آف کالجز کے تحت آگاہی واک
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا)انسداد تمباکو نوشی کا عالمی دن پر پنجاب گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام آگاہی واک کی گئی جسکی قیادت ریزیڈنٹ ڈائریکٹر چودھری عظمت ملہی نے کی۔ ریلی میں طلباو طالبات اور کالج سٹاف نے شرکت کی۔
پرنسپل علی وسیم طور نے خطاب کرتے ہوئے کہا واک کا مقصد عوام کو تمباکو کے استعمال کے سنگین خطرات سے آگاہ کرنا ہے ۔ تمباکو نوشی گلے اور منہ کے سرطان کے علاوہ سانس کی جان لیوا بیماریوں کا سبب بنتی ہے ۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق تمباکو نوشی سے ہر سال تقریباً 80 لاکھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جبکہ ان میں سے 12 لاکھ افراد تمباکو پینے والے لوگوں کے دھوئیں کے مضر اثرات سے جاں بحق ہو جاتے ہیں اسلئے ہمیں سگریٹ نوشی کی لعنت کے خاتمے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔