گجرات :سیوریج مسائل حل کیلئے ضلعی سطح پر اقدامات کا آغاز
گجرات(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت گجرات شہر میں سیوریج کے دیرینہ مسائل حل کیلئے ضلعی سطح پر اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر ورک کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں اہم اجلاس ہوا۔
پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC)، محکمہ بلدیات، پبلک ہیلتھ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)خضر حیات، اسسٹنٹ کمشنر بلال زبیر، ایکسین لوکل گورنمنٹ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خالق داد گاڑا، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ جہانگیر شبیر بٹ، ایکسین اور ایس ڈی او پبلک ہیلتھ ودیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ گجرات کے سیوریج سسٹم کا جائزہ لیاگیا اور نئے جامع منصوبے پر ابتدائی مشاورت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر صفدر ورک نے خطاب کرتے کہا گجرات شہر کے شمالی دیہی علاقوں کے بارشی پانی کے مسائل حل کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ شہر کے شمال کی جانب نیا ڈسپوزل پوائنٹ بنایا جائے ، جسے حلسی نالے سے منسلک کیا جائے تاکہ قدرتی بہاؤ کے ذریعے پانی کی نکاسی ممکن بنائی جا سکے ۔انہوں نے کہا شہر بھر کی بند لائنوں اور نالوں کو فوری کھولا جائے ،خاص طور پر بادشاہی روڈ پر سیوریج کو موجودہ ڈسپوزل سسٹم سے فوری جوڑنے کی ہدایت کی گئی۔پی ایم ڈی ایف سی اور کنسلٹنٹس ٹیم نے اعلان کیا وہ آئندہ دورے میں تفصیلی اور اپڈیٹڈ پروپوزل کے ساتھ دوبارہ گجرات آئیں گے تاکہ اس منصوبے کو جلد عملی شکل دی جا سکے ۔