گھنٹوں بجلی بند، گرمی سے نڈھال شہری سراپا احتجاج

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)عیدالاضحی کے موقع پرگوجرانوالہ ڈویژن میں شدید گرمی کی لہر سے شہری نڈھال رہے جبکہ گیپکو کی کارکردگی کی قلعی بھی کھل گئی ،۔۔۔
گیپکو کے دعوؤں کے برعکس بدترین لوڈشیڈنگ اور فنی خرابی سے گھنٹوں بجلی غائب رہی، گیپکو کے افسر وں کی ناقص حکمت عملی کی بدولت عیدالاضحی پر145 ٹرانسفارمرز جھلس گئے ، بیشتر ٹرانسفارمرز خراب ،آئل لیک ہوگیاجس کی بدولت سینکڑوں علاقوں میں مسلسل 3سے 5 گھنٹے بجلی بند رہی شدید گرمی میں شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ عید الاضحی پربجلی کی بلاتعطل ترسیل یقینی بنانے کیلئے قائم کئے گئے 160 شکایات سیل بھی غیر فعال رہے ، افسر اور عملہ سائلین کے فون سننا بند کرگیا ،گیپکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے دعویٰ کیا تھا کہ عیدالاضحی پر زیر و لوڈشیڈنگ اوربلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے جس کیلئے جی ایم ،چیف انجینئرز ،سپر نٹنڈنٹ انجینئرز،ایکسین ،ایس ڈی اوز اور لائن سٹاف پر مشتمل ڈیوٹیاں تشکیل دے کروزارت پاورڈویژن کوارسال کی تھی اور ڈویژن ،سب ڈویژنوں کی سطح پر160شکایت سیل قائم کئے تھے اور مرکزی کنٹرول روم بنایا گیا لیکن عید الاضحی کے پہلے روز ہی صبح نماز کے اوقات اندرون شہر کے بیشترعلاقوں میں بجلی بند رہے ، اسی طرح رات اور عید الاضحی کے دوسرے روز بھی گھنٹوں بجلی بندرہی تیسرے روز بھی بجلی کی آنکھ مچولی سے شہری پریشان رہے ۔