وزیر صحت عمران نذیر کا تحصیل ہسپتال سمبڑیال کا دورہ
سمبڑیال ،سیالکوٹ (سٹی رپورٹر ، نامہ نگار ،نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے سیالکوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال اور یونین کونسل ہڑر میں قائم کلینک آن ویلز کیمپ کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ \\\"کلینک آن ویلز پروگرام\\\" میں 37 اضلاع میں پہلے نمبر پر ہے مگر اس کارکردگی کو برقرار رکھنے کیلئے مسلسل محنت اور توجہ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک سیالکوٹ میں 2 لاکھ 59 ہزار 654 مریض اس موبائل ہیلتھ سروس سے مستفید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ \\\"کلینک آن ویلز\\\" کے تحت 39 ہزار 134 خواتین کا گائنی چیک اپ کیا گیا جبکہ 23 ہزار 325 الٹراسائونڈ (یو ایس جی)بھی کلینک آن ویلز کے ذریعے انجام د ئیے گئے ہیں۔وزیر صحت نے ٹی ایچ کیو سمبڑیال کے دورہ کے دوران ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں ایمرجنسی وارڈ، سرجیکل یونٹ، او پی ڈی، ڈینٹل کلینک اور الٹراسائونڈ روم شامل ہیں۔ صوبائی وزیر نے مریضوں کی عیادت بھی کی۔