کسان دشمن بجٹ قبول نہیں کیا جا سکتا :عظیم نوری

کسان دشمن بجٹ قبول نہیں کیا جا سکتا :عظیم نوری

سمبڑیال (نامہ نگار )پی ٹی آئی ضلعی جنرل سیکرٹری وسابق ایم پی اے عظیم نوری گھمن نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ ٹیکس نامہ اورعوام دشمنی کا عملی ثبوت ہے ، حکومت کسانوں کو نظر انداز کرکے معیشت کی ہڈی توڑ رہی ہے۔

دراصل بجٹ کسان دشمن ہے جو کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا، اس میں کسان پیکج بھی نہیں رکھا گیا، کسانوں کو کھاد، بیج ادویا ت پر بھی ریلیف نہیں ملا یہی وجہ ہے کہ ملک میں زراعت کی گروتھ کم ہورہی ہے جعلی حکومت کی غلط پالیسیوں نے آج نفع بخش فصلوں کو شدید بحران سے دوچار کردیا ، حقیقت میں ملک پر آئی ایم ایف سمیت جعلی سرکار کے ظلم فسطائیت کا راج ہے ، ملک میں زرعی بحرا ن پیدا ہورہا ہے اور 45فیصد عوام غربت کی لیکر سے نیچے کھڑے ہوگئے ہیں ،عوام دشمن بجٹ کے لاگو ہوتے ہی عوام کی چیخیں مریخ پر پہنچ جائیں گی، جعلی حکمران عمران خان اوراس کی پارٹی کو ختم کرتے کرتے غریب اورکسان کو ختم کررہے ہیں عمران خان اوراس کی پارٹی توعوامی مقبولیت کی معراج پر ہے مگر ملک میں کسان کو زندہ درگور کر دیا گیا ہے۔ کوئی بے وقوف کسان زمیندار اورکاشتکار ہوگا جو کسان دشمن حکومت کوسپورٹ کرتا ہوگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ 26ویں ترمیم کے ذریعے ملک میں عدالتی مارشل لا لگا دیا گیا ہے آزاد جج اورعدلیہ ڈھونڈنے سے بھی نہیں مل رہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ، مزید بحران اورمسائل جنم لیں گے ،عوام مزید مہنگائی کو بوجھ برداشت نہیں کرپائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں