سیالکوٹ:مال مقدمہ کی موٹرسائیکلیں کباڑ،پرزے غائب

سیالکوٹ (عمر فاروق )سیالکوٹ پولیس کی غفلت اور لاپروا ئی کے نتیجہ میں مال مقدمہ میں پکڑی گئیں لاکھوں روپے مالیت کی متعدد موٹر سائیکلیں تھانوں میں کباڑ بن گئیں۔پولیس اہلکار موٹر سائیکلوں کے قیمتی پرزے لے اڑے ، باقی سامان نشئی اہلکاروں کے دھویں میں اڑ گیا۔
کھڑی موٹر سائیکلوں کا کوئی پرسان حال نہیں، برسوں سے زیر التوا مقدمات میں پکڑی جانے والی موٹر سائیکلیں ناقابل شناخت ہو گئیں۔ سیالکوٹ اور گوجرانوالہ ریجن کے متعدد تھانوں میں ٹریفک حادثات، چوری ، راہزنی اور قتل وغیرہ کے سنگین مقدمات میں برسوں سے پکڑی گئیں موٹر سائیکلیں محفوظ پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے کھلے آسمان تلے پڑی کباڑ ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بیشتر تھانوں کے کرپٹ اہلکاروں نے مال مقدمہ کی ان گاڑیوں کے پرزے اور دیگر سامان فروخت کر دیا اور کئی اہلکار موٹر سائیکلوں سے لوہے کا سامان اتار کر فروخت کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دیہی تھانوں میں مال مقدمہ میں پکڑی گئی بیشتر موٹر سائیکلیں پولیس اہلکاروں اور تھانوں کے ٹاؤٹوں کے زیر استعمال ہیں اور کئی مدعی ہی مجبور ہو کران موٹر سائیکلوں کے پٹرول کے اخراجات بھی برداشت کر رہے ہیں ۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ موٹرسائیکلز دو دہائیوں سے مالکان کے پولیس سے رجوع نہ کرنے کی بنا پر مال خانہ میں برآمد کرکے جمع کرائی گئی ہیں،کسی پولیس اہلکار نے موٹرسائیکلوں کے سپیئر پارٹس خور د برد نہیں کئے جس حالت میں ریکوری ہوئی مال خانہ میں محفوظ کی گئی ہیں۔