اسرائیل کوسبق سکھانے کا وقت آ گیا:ڈاکٹر طارق
گجرات(سٹی رپورٹر )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ اسرائیل عالمی دہشت گرد ہے جس نے دنیا کا امن تہس نہس کرکے رکھ دیا ہے۔۔۔
نیتن یاہو، غزہ میں مظالم کی انتہا کرنے کے بعد اب ایران اور دیگر مسلم ممالک کو للکار رہاہے ، وقت آگیا ہے کہ اس کو سبق سکھایاجائے ، ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی واردفاعی حق ہے ، پوری پاکستانی قوم ایران کے ساتھ کھڑی ہے ،او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے ، امت مسلمہ کو اتحاد کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصیٰ اور مسجد ابراہیم میں نماز پڑھنے پر پابندی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ،یہ اقدام مذہبی آزادی کو سلب کرنے کے مترادف ہے ،اسرائیل عالمی دہشت گرد ہے جس کے اوپر دنیا کا کوئی قانو ن لاگو نہیں ہوتاوہ پاگل ہو چکا ہے ،عالمی برادری اور اقوام متحدہ غزہ جنگ بندی میں اپنی ناکامی کا اعتراف کرے ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ جماعت اسلامی، ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت، ظلم و ستم اور بربریت پر تشویش کا اظہار کرتی ہے ، اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں ،اسرائیلی اشتعال انگیزی سے خطے کا امن برباد ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ پر اسرائیل کی جانب سے فاسفورس بموں کی بارش کی جا رہی ہے ، نہتے فلسطینیوں کی مدد کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے ۔