18 محکموں میں کروڑوں کے فنڈز خرچ نہ ہو سکے

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)رواں مالی سال ختم ہونے میں چند ہفتے باقی گوجرانوالہ ڈویژن کے 18 صوبائی محکمہ جات کے سالانہ بجٹ کے کروڑوں روپے کے ترقیاتی اور۔۔۔
دیگر فنڈز خرچ نہ ہو سکے ،پنجاب حکومت نے تمام محکموں کے ضلعی اور ڈویژنل سربراہوں کو ترقیاتی فنڈز اور خریداری کا عمل مکمل کرنے کیلئے 30 جون کی ڈیڈ لائن دے دی جس کے بعد تمام فنڈز لیپس کردیئے جائیں گے ،خطیر فنڈز لیپس ہونے کے خدشہ پر سرکاری محکموں نے ترقیاتی منصوبوں اور خریداری کی ادائیگی کرناتیز کردی، ذرائع کے مطابق رواں مالی سال ختم ہونے میں دوہفتے باقی رہ گئے ، ہیلتھ اتھارٹی ،سول ہسپتالز، محکمہ تعلیم ،بلڈنگ ،ہائی ویز،واسا ،جی ڈی اے ،سوشل ویلفیئر ،بیت المال ،میونسپل کارپوریشن ،ضلع کونسل اور دیگر محکمہ جا ت کو سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور اخراجات کی مد میں فراہم کئے گئے کروڑوں روپے کے فنڈز استعمال نہ ہوسکے ،محکمہ صحت اور سول ہسپتال انتظامیہ نے سالانہ بجٹ میں تعمیر وترقی کے منصوبوں کے علاوہ طبی آلات اور ادویات کی خریداری کا عمل مکمل نہیں کیا اور کمپنیوں کو ادائیگی نہیں کی ،اسی طرح محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ فرنیچر کی خریداری اور مرمت مکمل نہیں کی ،ہائی ویز ،جی ڈی اے ،واسا بلڈنگ وغیرہ،بلدیاتی اداروں نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے زیر استعمال ترقیاتی فنڈز بھی التوا کا شکار ہیں جس پر پنجاب حکومت نے ڈویژنل ،ضلعی انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام فنڈز کو30جون تک خرچ کرنے کا حکم دے دیا۔