محرم الحرا م میں امن برقرار رکھنے کی حکمت عملی تیار

نوشہرہ ورکاں(تحصیل رپورٹر ، نمائندہ دنیا )محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے ، مذہبی رواداری، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد اور۔۔
سی پی او ایاز سلیم کی زیر صدارت نوشہرہ ورکاں میں اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علما کرام، جلوس و مجالس کے منتظمین، اور ضلعی و تحصیل انتظامیہ کے اعلیٰ افسر وں نے شرکت کی ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) فیصل سلطان، ایس ایس پی آپریشنز رضوان طارق، اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ، ڈی ایس پی عمران بیگ سمیت دیگر معززین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔اجلاس کے شرکا نے اس امر کا اعادہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے کام لیا جائے گا۔ علما کرام نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور سی پی او ایاز سلیم نے کہا کہ تمام جلوسوں و مجالس کے راستوں کی سکیورٹی، لائٹنگ، صفائی، میڈیکل سہولیات اور دیگر انتظامات کے حوالے سے مربوط پلان تشکیل دے دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں گے ۔ اجلاس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے بنیادی مرکز صحت متہ ورکاں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔