گوجرنوالہ ڈویژن ،258 ذاکرین کا داخلہ ،91 کی زباں بندی

گوجرنوالہ ڈویژن ،258 ذاکرین کا داخلہ ،91 کی زباں بندی

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام سکیورٹی انتظامات کے سلسلہ میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا ایک اہم اجلاس کمشنر آفس گوجرانوالہ میں منعقد ہوا۔۔۔

صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی کے علاوہ ڈویژن سے ممبران اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ کمشنرگوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی اور آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں محرم الحرام کی 6858 مجالس اور 1588 جلوسوں کیلئے انتظامات مکمل ہیں۔گوجرنوالہ ڈویژن میں 258 ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی جبکہ 91 کی زباں بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گوجرانولہ ڈویژن میں 1263 ڈاکٹرز اور 2645 پیرامیڈیکس ڈیوٹی پر تعینات ہونگے ۔ آر پی او نے بتایا کہ گوجرانولہ ڈویژن میں 3158 کومبنگ آپریشنز کیے جن کے نتیجے میں 4132 مقدمات درج ہوئے ،ڈویژن میں 5525 رضاکاروں کو بھی تربیت دی گئی ہے ۔ وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں فول پروف سیکورٹی اور امن وامان حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ، محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں