محرم میں امن کی فضا کو مستحکم کیا جا ئیگا :ڈی سی ، ڈی پی او
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)محرم الحرام میں اتحاد بین المسلمین، فرقہ وارانہ ہم آہنگی روادری اور۔۔۔
بھائی چارے کو فروغ دے کر امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم کیا جائے گا، گوجرانوالہ کے تمام مسالک کے درمیان مثالی بھائی چارہ دیگر اضلاع کیلئے مشعل راہ ہے ،ڈپٹی کمشنر نوید احمد کا تحصیل سٹی،صدر، وزیر آباد کے محرم الحرام انتظامات میں منعقدہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اظہار خیال۔ اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم نے کہا کہ محرم کے مقدس مہینے میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت پنجاب، پولیس اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، مجالس، جلوسوں کے لائسنس، اجازت ناموں کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں جلد محکمانہ طریقہ کار مکمل ہونے پر جاری کرد ئیے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور سٹی پولیس آفیسر رانا ایاز سلیم نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامات کے حوالے سے مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کی مشاورت، سفارشات اور تجاویز کی روشنی میں متعلقہ محکموں کی معاونت سے تمام انتظامات قبل از وقت یقینی بنائے جائیں گے ، سکیورٹی سمیت تمام انتظامی امور کم از کم ایک روز قبل مکمل کیے جائیں گے ۔ جید علما کرام اور امن کمیٹیوں کے معزز اراکین ملکی سالمیت، امن وامان اور رواداری کے فروغ کیلئے مل کرکام کریں گے اور اشتعال انگیزی، مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے والے تمام مقامی اور غیر ملکی قوتوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔