ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی سول کلب ڈسکہ میں کھلی کچہری

ڈسکہ (نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے انصاف آپ کی دہلیز پر ویژن کے تحت ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے سول کلب ڈسکہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔۔۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی کے علاوہ تحصیل کے تمام ریونیو افسر اور ہیلتھ، تعلیم اور دیگر محکموں کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی شکایات پر موقع پر احکامات جا ری کئے اور کہا کہ ریونیو کے متعلق تمام شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور ہر شکایت پر کاروائی کے متعلق انکو ذاتی طور پر آگاہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ریونیو حکام شکایات کے ازالہ تک کھلی کچہری میں موجود رہیں گے اور دفتر ڈپٹی کمشنر کو باضابط طور پر کارروائی کے متعلق اطلاع دیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کئی شہری زبانی طور پر شکایات لیکر آئے تھے ان کو باقاعدہ تحریری طور پر شکایات کے اندراج کیلئے سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی شکایات پر بھی عمل درآمد کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ صحت اور تعلیم کے متعلق کئی ایسی شکایت سامنے آئی ہیں جن کی روشنی میں باقاعدہ پالیسی بنائی جا رہی ہے تاکہ ان شکایات کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے ۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے میونسپل کمیٹی اور پولیس کے مقامی حکام کے ہمراہ مرکزی امام بارگاہ ڈسکہ اور محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر انتظامی اور سکیورٹی امور کا معائنہ کیا اور منتظمین سے ملاقات کی۔