یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی، گھی و تیل کا سٹاک کئی ماہ سے ختم
ڈسکہ(نامہ نگار) ڈسکہ و گردو نواح سمیت ملک بھر کی مڈل اور لوئر مڈل کلاس آبادیوں، کچی بستیوں اور غریب علاقوں کے قریب قائم یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی، درجہ دوم اور سوم کے گھی و تیل کا سٹاک کئی ماہ سے ناپید ہے ۔
ذرائع کے مطابق چینی گزشتہ کئی ہفتوں سے سٹورز پر دستیاب نہیں، جبکہ گھی اور کوکنگ آئل کی قلت کو کئی مہینے گزر چکے ہیں۔ متعدد یوٹیلیٹی سٹورز پر صرف درجہ اول کا مہنگا گھی اور آئل محدود مقدار میں دستیاب ہے ، جو عام شہری کی مالی استطاعت سے باہر ہو چکاہے ۔ اس صورتحال کے باعث غریب شہری روزانہ کی بنیاد پر یوٹیلیٹی سٹورز کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، لیکن انہیں مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو رہا۔ڈسکہ و گردنواح میں یوٹیلیٹی سٹورز بھی حکومتی ریڈار پر آگئے ہیں، جہاں سسٹم میں موجود کمزوریاں اور نا اہلی کھل کر سامنے آگئی ہیں۔اشیا ئے ضروریہ کی مسلسل عدم دستیابی سے مزدور طبقہ، پنشنرز، سرکاری ملازمین اور دیگر مستحق شہری سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز کی گرتی صور تحال کا فوری نوٹس لیں اور بنیادی اشیائے خورونوش کی مستقل اور منصفانہ فراہمی کویقینی بنائیں۔