سٹیل ملز کی چمنیوں کے زہریلے دھواں سے فضا آلودہ

لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی ) ٍعالم چوک ،نواب چوک اور ملحقہ علاقوں میں سٹیل ملز کی چمنیوں سے نکلنے والا زہریلا دھواں فضا کو آلودہ کرنے لگا۔۔۔
جس سے ہزاروں لوگ سانس دمہ اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا ہونے لگے ، محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ با اثر ملز مالکان کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ،شہریوں نے جی ٹی روڈ بلاک کر کے احتجاج کا اعلان کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ جی ٹی روڈ پر عالم چوک سے نواب چوک اور ملحقہ علاقے میں ایک درجن کے قریب سٹیل ملز ہیں جن کی چمنیوں سے نکلنے والے زہریلے دھویں سے جہاں فضا آلودہ ہو رہی ہے وہیں عالم چوک نواب چوک رحمن آباد مدوخلیل کوٹ اسحاق اور گرجاکھ میں ہزاروں لوگ رہائش پذیر ہیں جن میں بچے اور بزرگ شامل ہیں سانس دمہ اور پھیپھڑوں کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ۔ علاقہ مکینوں نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے متعدد بار محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ کو شکایات درج کر ائیں مگر بااثر سٹیل ملز مالکان کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی ۔لوگوں کے مطابق سٹیل ملز نہ تو ماحولیاتی قوانین پر عمل کررہی ہیں اور نہ ہی فضا کو ماحول دوست بنانے کے لئے فلٹرز نصب کیے گئے ہیں ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ صاف ہوا ہمارا حق ہے اور زہریلا دھواں چھوڑنے والی فیکٹریاں بند نہ کی گئیں تو جی ٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کر کے احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے ۔