پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس ،ذہنی صحت آگاہی سیمینار کا انعقاد
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کے زیر اہتمام ذہنی صحت آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی فائونٹین ہائوس کے ایم ایس ونامورماہر نفسیات ڈاکٹر عمران مرتضیٰ تھے۔۔۔
ماہرین نفسیات محمد اشرف ، مدیحہ تاج ، رحمینہ اقبال ، زریں عامر ، سعدیہ حسین اور ثمن صفدر نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز شہزاد رفیق ، پرنسپل محمد سلمان ، ڈین یونیورسٹی کیمپس شاہد سلیم خواجہ ، ہیڈ بی ایس پروگرامز شمیم اختر ، اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ڈاکٹر عمران مرتضیٰ نے طلبہ سے خطاب کرتے کہا ذہنی بیماریوں سے پاکستان کا معاشرہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہا ہے ۔ عدالتوں میں طلاق اور وراثت کے کیس بڑھ رہے ہیں ۔ اسکی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم نے قریبی رشتوں اور دوستوں کو معاف کرنا اور معافی مانگنا چھوڑ دیا ہے ۔ذہنی صحت کے لیے بھی ہر سطح پر بجٹ رکھنا بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ وقت کی قدر کریں، اپنی صحت کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ مایوس لوگوں سے دو رہیں اور علامہ اقبالؒ کے شاہین بنیں۔اپنے خاندان اور ملک و قوم کیلئے فائدہ مند فرد بنیں۔اس موقع پر فائونٹین ہائوس کی ٹیم نے خاکے بھی پیش کیے ۔ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز شہزاد رفیق نے پنجاب گروپ آف کالجز کے قیام اور کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔مہمان خصوصی ڈاکٹر عمران مرتضیٰ اور انکی پوری ٹیم کو یادگاری شیلڈز اور سووینئرز دیئے گئے ۔