حافظ آباد:میونسپل عملہ کی غفلت ‘نالے و گٹر ابلنے لگے
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )حافظ آباد شہر میں مون سون بارشوں سے پہلے ہی میونسپل کمیٹی کی غفلت اور لاپروا ئی سے نکاسی آب کے نالے اور گٹر ابلنے شروع ہوگئے۔۔۔
جس کی وجہ سے مون سون کی بارشوں کی صورت میں شہریوں کے سروں پر خطرات کے بادل منڈلانے لگے جبکہ شہر بھر میں ستھراپنجاب کے تمام دعوے کھوکھلے ثابت ہونے لگے ۔جگہ جگہ تعفن پھوٹنے اور گلی محلوں میں گندا پانی کھڑا ہونے سے ڈینگی کی وبا بھی پھوٹنے لگی۔تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی میں 50سے زائد ملازمین نکاسی آب کے نالوں اور گٹروں کی صفائی کے لئے متعین ہیں لیکن ان میں سے زیادہ تر فارغ دکھائی دیتے ہیں اور وہ سرے سے نہ اپنا کام جانتے ہیں اور نہ کرتے ہیں ۔جس کی وجہ سے شہر کی اکثر گلی محلوں میں نکاسی آب کے نالے اور گٹر ابل رہے ہیں جبکہ ایڈمنسٹریٹر اپنی دیانتداری کے ڈھنڈورے پیٹنے میں مصروف نظر آتے ہیں اور شہر دن بدن جوہڑ نما شکل اختیار کرتا چلا جارہاہے ۔ شہریوں نے اس ناگفتہ بہ صورت حال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔