سیالکوٹ:غیر قانونی ہفتہ وار بازار ٹریفک بہائو میں رکاوٹ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)شہر اقبال میں غیر قانونی ہفتہ وار بازاروں کے قیام سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہونے لگا ۔
سیالکوٹ، ڈسکہ، پسرور ،سمبڑیال اور گردونواح میں غیر قانونی طور پر ہفتہ وار بازاروں کا انعقاد روز کا معمول بن چکا ہے ، ان بازاروں سے نہ صرف قومی خزانے کو بھاری مالی نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ عوام کو بھی سکیورٹی ،ٹریفک اور مہنگائی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق ان بازاروں میں یومیہ تقریباً 500 دکانیں لگائی جاتی ہیں، ہر دکاندار سے ایک ہزار روپے دیہاڑی کی مد میں وصول کئے جاتے ہیں جس سے روزانہ کی مجموعی آمدن تقریباً پانچ لاکھ روپے بنتی ہے ،ٹھیکیدار ماہانہ پچیس سے تیس لاکھ روپے غیر قانونی طور پر بٹور لیتے ہیں جبکہ یہ سارا عمل بغیر کسی مجاز ادارے کی اجازت یا ٹیکس کی ادائیگی کے انجام دیا جاتا ہے ۔ بازاروں میں قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں ،صفائی اور سکیورٹی کا بھی مؤثر نظام نہیں ہے ، دکاندار من مانے نرخوں پر اشیا فروخت کرتے ہیں جبکہ شہری سارا دن ٹریفک جام کا شکار رہتے ہیں ،تجاوزات نے عوامی آمد و رفت بھی مشکل بنا دی۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی بازاروں کے خلاف نوٹس لیں ذمہ دار ٹھیکیداروں اور پشت پناہی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔