پابندی کے با وجود میڈیکل ریپ ، ڈاکٹر زکا گٹھ جوڑ برقرار
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت کی پابندی کے باوجود گوجرانوالہ ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں میں میڈیسن کمپنیوں کے میڈیکل ریپ اور۔۔۔
ڈاکٹروں کے ساتھ روابط برقرار ،پرائیویٹ کمپنیوں کی غیر معیاری ادویات کے عوض سینئر ڈاکٹروں کو خفیہ طورپر تحائف ،بیرون ممالک کی سیر وتفریح اور رقوم کی فراہمی کا انکشاف ہوا ہے ،محکمہ صحت سمیت متعلقہ حکام میڈیکل ریپ پر پابندی پر عمل درآمد نہ کراسکے ۔بتایا گیا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سینئر ڈاکٹرز پرائیویٹ ہسپتالوں اور کلینکس میں ڈیوٹیاں دینے کو ترجیح دینے لگے اور من پسند کمپنیوں کی ادویات مریضوں کوتجویز کر تے ہیں ۔ذرائع کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں سینئر اور جونیئر ڈاکٹرز میڈیسن کمپنیوں کے میڈیکل ریپ کے ساتھ خفیہ معاہدے کرکے ان کی کمپنیوں کی ادویات لکھ کر دینے لگے ۔ ذرائع کے مطابق برسوں سے سینئر ڈاکٹرز کی سول ہسپتال میں حاضری یقینی نہ بنائی جاسکی اور بائیو میٹرک سسٹم سے بھی ان کلینکل فیکلٹی سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے جس کے باعث پروفیسر ڈاکٹروں کی اکثریت ہفتہ میں ایک دن میڈیکل کالج اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈیوٹی دیتے ہیں، ہسپتال میں مریضوں کو جونیئرز کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا جبکہ میڈیکل کالج میں طلبا وطالبات کو بھی جونیئر عملہ لیکچر دینے لگا۔