سیالکوٹ میں اراضی معاون لائسنس کے اجرا کا باضابطہ آغاز
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی چودھری طارق سبحانی نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں اراضی معاون لائسنس کے اجرا کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
جس کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر جدید اراضی ریکارڈ سے متعلقہ سہولیات فراہم کرنا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے باعزت مواقع پیدا کرنا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ میں اراضی معاون سہولت کے اجرا کے حوالے سے منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار میں ڈائریکٹر مانیٹرنگ محمد شعیب، پلرا ٹیم ممبران اور معاون لائسنس حاصل کرنے کے خواہشمند شہریوں نے شرکت کی ۔طارق سبحانی نے کہا کہ اراضی معاون لائسنس کی سہولت کے ذریعے شہری نہ صرف اپنے علاقوں میں اراضی سے متعلق خدمات آسانی سے حاصل کر سکیں گے بلکہ اس اقدام سے شفافیت اور سہولت کو فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع سیالکوٹ سے بطور پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے جو میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔انہوں نے بتایا کہ اراضی معاون لائسنس کے لیے تین کیٹیگریز - پلاٹینیم، گولڈ اور سلور متعارف کروا دی گئی ہیں تاکہ مختلف سطحوں پر خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے ۔چیئرمین پلرا نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے تاریخی اقدام کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کسی بھی پاکستانی سفارتخانے میں جا کر اپنی جائیداد کی فروخت، فرد کے اجرا اور دیگر خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔