وزیر آباد: سبزی و فروٹ بازار مسائل کا گڑھ
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیرآباد کے سبزی و فروٹ بازار میں ناقص نکاسی آب،زمین ناہموار ہونے اور حالیہ بارشوں کی وجہ سے کیچڑ اور پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو خریداری اور۔۔۔
سینکڑوں چھابڑی اور ریڑھی بانوں کو روزگار کمانے میں مشکلات کا سامنا ہے ،حکومتی نمائندوں اور بیوروکریسی نے پرانی غلہ منڈی میں واقع اس سبزی اور فروٹ بازار میں ٹف ٹائل لگانے کا وعدہ بھی کر رکھا جو پورا نہ ہو سکا ۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران وزیرآباد کے مین بازار سے ریڑھی بانوں چھابڑی فروشوں کو اٹھوا کر پرانی غلہ منڈی میں منتقل کیا گیا اور اسے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ویژن ستھرا ریڑھی بازار کا نام دیا گیا لیکن پرانی غلہ منڈی میں نکاسی آب کا مسئلہ ہونے کی وجہ سے سبزی فروشوں کے اڈوں کے ارد گرد پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے خریداری کیلئے آنیوالی خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔وزیرآباد سے رکن صوبائی اسمبلی نے چند ماہ قبل اس بازار میں ٹف ٹائل لگوانے کا اعلان بھی کیا تھا تاہم ابھی تک عمل درآمد نہیں ہو سکا جبکہ غلہ منڈی میں نکاسی آب کیلئے اقدامات بھی کارگر ثابت نہ ہو سکے ہیں۔ خواتین ،شہریوں اوردکانداروں نے مقامی ایم پی اے وقار احمد چیمہ اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کا مسئلہ حل کیا جائے ۔