حافظ آباد :جشن آزادی کی تقریبات،عمارتوں پر چراغاں
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں ‘‘حصول آزادی سے تحفظ آزادی تک’’کے سلسلہ میں جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات جاری ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کی جانب سے تمام سرکاری عمارتوں، چوک، چوراہوں، سڑکوں،اہم عوامی مقامات کو سبز پرچموں،جھنڈے ، جھنڈیوں اور دیدہ زیب لائٹنگ کے ساتھ خوبصورتی سے سجایا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ جشن آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی کے سلسلہ میں تعلیمی اداروں میں ملی نغموں اور تقریروں کے مقابلہ جات منعقد کرائے جا رہے ہیں ان پروگراموں میں اساتذہ اور دیگر مقرر رین حصول آزادی سے تحفظ آزادی تک کے سفر،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح،علامہ ڈاکٹر محمد اقبال اور تحریک آزادی کے دیگر رہنماؤں کی کوششوں،جد و جہد آزادی کے حوالہ سے طلبا و طالبات کو روشناس کروا رہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کی حفاظت کرنے والی افواج پاکستان کی بہادری،شجاعت،لازوال قربانیوں اور صلاحیتوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے ۔جشن آزادی کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آفس سمیت میونسپل کمیٹی،تعلیم،صحت،ضلعی کونسل،ریونیو،اسسٹنٹ کمشنر و دیگر دفاتر کو خوبصورت لائٹنگ سے سجایا گیا ہے اس کے علاوہ جناح چوک،کلمہ چوک،فوارہ چوک،قلعہ صاحب سنگھ چوک سمیت مختلف شاہراؤں اور دیگر عوامی مقامات کوخوبصورت لائٹنگ اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے ۔