اے سی دفتر ڈسکہ کے گرد ٹھیلوں کا خاتمہ نہیں ہوسکا
موترہ(نامہ نگار )اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آفس اور میونسپل کمیٹی کی ٹینکی نمبر1کے اردگرد لگے ٹھیلوں کا خاتمہ نہ ہوسکا،ٹھیلے لگانے والوں نے دیدہ دلیری کیساتھ مٹی ڈال کر ٹھیلوں کی جگہ کواونچا اورپختہ کرناشروع کردیا۔
کئی مہینوں سے اسسٹنٹ کمشنرڈسکہ آفس کے سامنے اور میونسپل کمیٹی ڈسکہ کی ٹینکی نمبر1کے ارگرد ریڑھی بانوں نے ٹھیلے قائم کئے ہوئے ہیں جن کا خاتمہ نہ ہونے کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والوں کو شدید مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے اب ٹھیلے لگانے والوں نے دیدہ دلیری کیساتھ مٹی ڈال کر ٹھیلوں کی جگہ کواونچا اور پختہ کرناشروع کردیا ہے ، چند رو ز قبل یہاں پر ٹھیلے لگانے والوں نے مٹی کی ٹرالیاں گرائی تھیں اب انہوں نے اپنے اپنے ٹھیلوں کی جگہ پر مٹی ڈال کر اس کو اونچا اور پختہ کرناشرو ع کردیا ہے ۔شہریوں نے بتایاکہ متعدد بار متعلقہ حکام کو اس بارے شکایات کرچکے ہیں ہماری کوئی شنوائی نہیں ہورہی ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔